ابنا: پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک افغان باشندے کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں شہر سے پانچ کلومیٹر دور دتہ خیل روڈ پر ایک پہاڑی نالے سے ایک لاش ملی ہے جسے فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق لاش افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کی ہے جس کی عمر چالیس سال سے زیادہ ہے اور اس کے جسم اور سر میں کئی گولیاں ماری گئی ہیں۔ افغان شہری کی شناخت اس کے جیب میں پائے گئے کاغذات سے ہوئی ہے۔ لاش کے قریب سے ایک خط بھی ملا ہے جس میں بتایاگیا ہے کہ یہ جاسوس تھا اور افغانستان میں امریکہ کے لیے جاسوسی کا کام کرتا تھا۔
............
/169